ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سرکاری فنڈز کے استعمال میں لاپرواہی ناقابل برداشت،ڈپٹی کمشنروں اور دیگر اعلیٰ افسران پر سدرامیا سخت برہم

سرکاری فنڈز کے استعمال میں لاپرواہی ناقابل برداشت،ڈپٹی کمشنروں اور دیگر اعلیٰ افسران پر سدرامیا سخت برہم

Wed, 01 Feb 2017 10:41:44    S.O. News Service

بنگلورو،31؍جنوری(ایس او نیوز) ریاستی حکومت کی طرف سے عوام کی فلاح کیلئے رائج اسکیموں کیلئے حکومت کی طرف سے جو فنڈز فراہم کئے گئے ہیں ،انہیں آئندہ مارچ تک اگر مکمل طور پر استعمال میں نہ لایا گیا تو اس کیلئے ذمہ دار افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ یہ وارننگ آج وزیراعلیٰ سدرامیا نے دی۔ودھان سودھا کے کانفرنس ہال میں اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں اور ضلع پنچایتوں کے چیف ایگزی کیٹیو افسران کی کانفرنس کے دوسرے دن مخاطب ہوکر سدرامیا نے کہاکہ مختلف پروگراموں کیلئے حکومت کی طرف سے جو فنڈز مہیا کرائے گئے ہیں اس کا بہت بڑا حصہ اب تک بغیر استعمال کے پڑا ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس کیلئے ذمہ دار افسران کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کے تمام اضلاع میں قبرستانوں کیلئے زمین کی فراہمی کیلئے 40 کروڑ روپیوں کی رقم مہیا کرائی گئی ہے۔باگلکوٹ اور شمالی کینرا کو چھوڑ کر کسی ضلع میں یہ فنڈ استعمال نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ مارچ تک یہ رقم مکمل طور پر استعمال کردینی چاہئے، بصورت دیگر ڈپٹی کمشنروں کو اس کیلئے ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ دیہات میں بھی قبرستانوں کیلئے زمین دستیاب ہو سرکاری طور پر اس کی خریداری کی جائے اور اسے عوام کیلئے مہیا کرایا جائے۔گنگا کلیان اسکیم کے تحت ریاست میں جہاں بھی بورویل کھودے جارہے ہیں فوری طور پر ان بورویلوں کو بجلی کا کنکشن مہیا کرانے سدرامیا نے محکمۂ توانائی کو سخت ہدایت جاری کی۔ محکمۂ سماجی بہبود کی پیش رفت کے جائزہ کے دوران مختلف مقامات پر گنگا کلیان بورویلوں کیلئے پمپ سیٹوں کی فراہمی کے باوجود بورویل کا کنکشن نہ دئے جانے کی بات جب سدرامیا کے علم میں لائی گئی تو انہوں نے فوری طور پر اس کی ہدایت جاری کی۔آج کی میٹنگ میں ریاستی وزراء کاگوڈ تمپا، ایچ کے پاٹل، کے آر رمیش کمار، ٹی بی جئے چندرا، یوٹی قادر کرشنا بائرے گوڈا ، ڈاکٹر ایچ سی مہادیوپا ودیگر موجود تھے۔


Share: